واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے حکومتی سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ کووِڈ انیس کے مرض میں مبتلا بندروں پر تجرباتی طور پر آزمائی گئی ایک اینٹی وائرل ویکسین کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایک بیان میں کہاگیاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ بندروں پر آزمائی جانے والی ریمڈیزیویئر نامی اینٹی وائرل ویکسین کے ابتدائی طور پر مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
بندروں پر کیے جانے والے اس تجربے میں چھ بندروں کے دو گروپوں میں جان بوجھ کر نئی قسم کے کورونا وائرس کو منتقل کیا گیا۔ بیان کے مطابق پہلے ٹیسٹ کے بارہ گھنٹے بعد ہی بندروں کی علامات میں نمایاں بہتری آئی اور ان کے حالات میں ایک ہفتہ تک بہتری آتی رہی۔ ریمڈیزیویئر ان پہلی ویکسین میں سے ایک ہے جس کے بارے میں سوچا جاتا ہے کہ وہ نئے کورونا وائرس کے علاج کے قابل ہے۔ انسانی مریضوں پر بھی پہلے ہی کلینیکل ٹیسٹ جاری ہیں۔