کراچی(این این آئی)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 209 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ان میں سے 132 تبلیغی جماعت اور 77 کراچی خصوصا کچی آبادیوں کے ہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے انہوں نے سندھ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران (16اور 17 اپریل کی صبح 8 سے صبح 8 بجے تک)،
انہوں نے کہا کہ 2372 ٹیسٹ کئے گئے ان میں سے 209 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اب تک کئے گئے ٹیسٹ 21272 ہیں جس میں سے 2217 کے نتائج مثبت آئے ہیں ۔ مراد علی شاہ نے انکشاف کیا کہ کورونا وائرس کے دو مزید مریض انفیکشن کے باعث جان بحق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک اموات کی تعداد 47 ہوگئی ہے جو 2.1 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 1589 مریض ابھی بھی زیر علاج ہیں جن میں سے 872 گھر پر آئسولیشن میں ہیں۔ 469 آئسولیشن مراکز میں 248 اسپتالوں میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ مزید مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوئے ہیں اور انھیں بحالی کے سرٹیفکیٹ کے ساتھ انکے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 581 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جوکہ مجموعی مریضوں کا 26 فیصد بنتا ہے ۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 4692 افراد تھے ان میں سے 4653 کے ٹیسٹ کئے گئے اور نتائج کے مطابق 429 کی تشخیص مثبت آئی جبکہ 91 نتائج کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے کورونا وائرس مثبت(مریضوں)کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے لہذا وہ وائرس کو پھیلانے کے قابل نہیں ہوں گے اور وہ لوگ جن کے نتائج مثبت ہیں اور و ہ ادھر ادھر گھوم رہے ہیں انکی مثال ایک بم کی طرح ہے جوکہ کسی کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ دکھی دل سے یہ انکشاف کررہے ہیں کہ تبلیغ جماعت کے لوگوں کو چھوڑ کر ، شہر کی کچی آبادیوں میں 77 نئے کیسز کا پتہ چلا ہے۔
ان 77 کیسز کی ضلعی وار اعداد و شمار اس طرح سے ہیں۔ضلع جنوبی کے علاقے لیاری، کھارادر اور لی مارکیٹ، برنس روڈ اور کالاپل، شو مارکیٹ، صدر اور گارڈنمیں309 کیسز پائے گئے ہیں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ ضلع شرقی میں گلبہار، جوہر، شریف کالونی، خلیل کالونی اور کے ای سی ایچ ایس کے علاقوں سے16 کیسز کا پتہ چلا ہے۔ضلعی کورنگی میں ناصر کالونی، شریف کالونی، فیصل کالونی، اور پی آئی اے سوسائٹی سے 6 کیسز کا پتہ چلا ہے۔ضلع ملیر میں لانڈھی اور گلشن حدید سے 6 کیسز ہیں۔ڈسٹرکٹ ویسٹ میں افغان بستی، کچی آبادیوں، ناردرن بائی پاس اور بلدیہ کے علاقوں سے 8 کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ضلع وسطی سے 11 کیس سامنے آئے ہیں اور ان میں سے بیشتر کچی آبادیوں کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی ایک گنجان آباد ضلع ہے لہذا علاقے کے رہائشیوں کو مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت ہاٹ اسپاٹ جہاں مزید کیسوں کا پتہ چل رہا ہے اسے مکمل طور پر بند کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا میں اس پھیلا سے کافی پریشان ہوں لہذا مکمل سماجی دوری اور لوگوں کو الگ تھلگ کیئے بغیر ہم وائرس پر قابو نہیں پاسکیں گے۔ انہوں نے کہا اور شہر کے ہاٹ اسپاٹ سے نمونے جمع کرنے میں اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس دستیاب اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں بسنے والے پاکستانیوں کی نسبت کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں جانوں کا ضیاع پاکستان سے زیادہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ہم امتحان کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت انہیں واپس لانے میں انکی مدد کر رہی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ جمعہ کو کراچی میں ایک پرواز لینڈ ہو رہی ہے جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہم بحیثیت ایک صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر جناح ٹرمینل میں آنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ٹیسٹ کیلئے کام کر رہے ہیں اور ضروری قرنطینہ کا انتظام کیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ سے غیر ملکی زرمبادلہ بھیجنے کا ذریعہ رہے ہیں۔ انہوں نے انھیں یقین دلایا کہ آپ ہمارا اثاثہ ہیں اور ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گے۔