کندھ کوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) کرونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیہاڑی دار مزدور اور غریب طبقہ انتہائی پریشانی کا شکار ہے، کئی لوگوں کے گھر فاقے ہیں اور کئی وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت امداد بھی وصول کر رہے ہیں
لیکن امداد دینے والوں کی جانب سے ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جنہوں نے امداد لینے والے شخص کو ناچنے پر مجبور کر دیا، اس طرح غریب شخص صرف 12 ہزار کی امداد کی خاطر ناچنے پرمجبور ہو گیا۔ ان حکومتی اہلکاروں نے نہ صرف غریب کی غربت کا مذاق اڑایا بلکہ اس کی تذلیل بھی کی۔ ایک نجی ٹی وی چینل اس تمام واقعہ کی ویڈیو سامنے لے آیا۔ یہ واقعہ سندھ کے علاقے کندھ کوٹ میں پیش آیا۔ اس موقع پر حکومتی اہلکاروں نے نہ صرف امداد لینے والے افراد کا مذاق اڑایا بلکہ انہیں ناچنے کو کہا۔ اس ویڈیو میں وہاں آنے والے لوگوں سے زبردست عمران خان کے نعرے بھی لگوائے گئے۔سندھی میں اہلکاروں نے امداد لینے والے شخص سے پوچھا کہ آپ کو امداد کے بارہ ہزار مل گئے تو اس نے کہا کہ جی مل گئے جس پر اہلکار نے سوال کیا کہ یہ کس کی مہربانی ہے تو اس نے کہا کہ عمران خان کی جس پر اہلکار نے کہا کہ اب ناچ کر دکھاؤ۔ اگر امداد دینے کا مقصد غریب کی غربت کا مذاق اڑانا ہے تو یہ غریب بھوک سے نہیں مرے گا بلکہ اس تذلیل پر شرمندہ ہو کر مر جائے گا۔ حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور خصوصاً سندھ حکومت کو ان اہلکاروں کے ساتھ سختی سے نمٹنا چاہیے۔