اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کا غریب طبقہ انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے ۔ حکومت اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے راشن تقسیم کیے جارہے ہیں تاکہ ان کے گھر کا دو وقت کا چولہا جل سکے ۔ تاہم ایک افسوسناک واقعہ کراچی میں پیش آیا جس کی وجہ سے ایک خاتون کی جان چلی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق نشتر پرانی سبزی منڈی کے قریب راشن کی تقسیم کے وقت دو فلاحی اداروں کے رضاکاروں کے درمیان بحث جھگڑے میں تبدیل ہو گئی ،
لڑائی کے دوران پولیس اہلکار کی فائرنگ سے مبینہ طور پر خاتون جاں بحق ہو گئی ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ راش تقسیم کےدوران دو فلاحی تنظمیوں کی آپس میں لڑائی ہو گئی ، جھگڑے کی اطلاع ملتے پولیس جائے وقوع پر پہنچی ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ملزمان کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی گئی ، صبا نامی خاتون بالکونی میں کھڑی تھی کہ گولی کا نشانہ بن گئی ۔ خاتون کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملی ۔