نیویارک(این این آئی)اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس سے پھیلنے والی عالمی وبا کی باعث دنیا بھر میں خوراک کی فراہمی کا پیچیدہ اور باہم منسلک نظام شدید متاثر ہورہا ہے جس سے عالمی سطح پر خوراک کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ برائے خوراک(ایف اے او)نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اگرچہ اب بھی اکثر ممالک کی دکانوں اور اسٹور میں اشیائے خورونوش موجود ہیں لیکن اس بحران سے عالمی خوراک کے پورے نظام پر دبا بڑھ چکا ہے جس کے تدارک کے لیے خاص اقدامات کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت سرحدیں بند ہیں، بحری جہاز لنگر انداز ہیں اور پروازیں معطل ہیں جس کی وجہ سے خوراک کی عالمی ترسیل جامد ہوچکی ہے جبکہ غذائوں سے بھرے گودام اور کنٹینر اپنی منزل پر پہنچنے کے انتظار میں ہے۔اقوامِ متحدہ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ عالمی خوراک کے تحفظ کو شدید دھچکا لگا ہے جس سے انتہائی غریب ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔کووڈ وبا کے پس منظر میں ادارے نے دنیا بھر کی امدادی تنظیموں، بین الاقوامی اداروں اور نجی کمپنیوں سے منظم حکمتِ عملی اور منصوبہ بندی کی درخواست کی ہے۔ رپورٹ میں آسٹریلیا جیسے صرف ایک ملک کی مثال دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ ایشیا اور اطراف کے ممالک تک اپنی دوتہائی زرعی برآمدات پہنچاتا ہے جس کے بند ہونے سے ان ممالک میں خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے لیکن اب بھی اسے بحران نہیں کہا جاسکتا۔