اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے بے روزگار اور محنت کش افراد کو وطن واپس لانے کے لیے فوری انتظامات کی بھی ہدایت کر دی۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے اور 4 یا اس سے زائد افراد کے
جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کئی شہریوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے تاہم اب وزیراعظم نے گرفتار افراد کی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پرگرفتارافرادکو بھی فوری رہاکرنےکی ہدایت کی ہے جس کے بعد وزارت داخلہ کے ذریعے گرفتار افراد کی رہائی کے لیے ہدایات صوبوں کو دی جائیں گی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے بیرون ملک پھنسے بیروزگار اور محنت کش افراد کو واپس لانے کے لیے فوری انتظامات کرنے اور بیرون ملک سے لائے جانے والے افراد کے لیے قرنطینہ سینٹرز بنانے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں لاک ڈاؤن کے باعث کئی ہزار پاکستانی افراد بیروزگار ہوچکے ہیں جنہوں نے حکومت سے وطن واپس لانے کا مطالبہ کیا ہے۔