اسلا آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چین کے سفیر یاؤجنگ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات جس میں کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے علاوہ خطے، علاقائی اور عالمی نوعیت کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر چین کے سفیر نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے
چین کی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کرونا وائرس کے باعث درپیش مسئلے پر چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ چیرمین سینیٹ نے چین کے ماہرین کے وفد کے حالیہ دورے کو انتہاء مفید قرار دیا اور کہا ماہرین اور میڈیکل پروفیشنلز نے پاکستان کے طبی ماہرین اور عملے کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا جس سے پاکستان میں کرونا وائرس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی چیلنج بن چکا ہے اور اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔انھوں نے کہا کہ معیشتوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور سماجی سطح پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں تاہم امید ہے کہ جلد اس وائرس پر مکمل قابو پا لیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ چین کی حکومت کے کرونا وائرس پر قابو پانے کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کو سہولیات فراہم کرنے پر چین کی حکومت کے شکرگزار ہیں۔صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، پارلیمان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔