ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مریضوں کا دو دواؤں کلوروکوین اور ہائیڈراکسی کلوروکوین کے استعمال کے ذریعے کامیابی سے علاج کیا جارہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یو اے ای کی وزارت صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے نیوزکانفرنس میں بتایا کہ ملیریا کا تریاق دوا اور سوزش مخالف دوا کا کرونا وائرس کے مریضوں کو استعمال کرایا گیا ہے اور ابتدائی مطالعات میں اس کے استعمال سے کامیابی کے اشارے ملے ہیں۔انھوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ
ڈاکٹر حضرات ان دواؤں کے اثرات کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان سے کرونا کے مریضوں کی بیماری کا دورانیہ کم ہورہا ہے اور اس کی علامات کی شدت میں بھی کمی واقع ہورہی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ یو اے ای میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد زیادہ تعداد میں صحت یاب ہورہے ہیں۔اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ملک میں کرونا کے زیادہ تر کیسوں میں معمولی علامات ظاہر ہوئی تھیں اور کم یا بالکل علامات والے بیشتر مریض دو سے تین ہفتوں میں مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں۔