کراچی (این این آئی) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو علاقوں کی کچی آبادیوں میں موبائل ٹیسٹنگ کی سہولت شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مختلف لیبارٹریوں کو اضافی کٹس مہیا کرنے کے لئے تیار ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ کچی آبادیوں کے مثبت کیسز آئسولیشن میں منتقل کردیئے جائیں گے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں کچی آبادی میں بڑی تعداد میں مثبت کیسز سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کچی آبادیوں میں لوگوں کو گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی جگہ نہیں ہے لہذا انہیں آئسولیشن مراکز میں منتقل کردیا جائے گا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ 11 اسپتالوں / لیبارٹریوں میں روزانہ 3520 ٹیسٹ کی گنجائش ہے۔ ان میں اے کے یو ، انڈس ، سول ، اوجھا ، پی این ایس ، جے پی ایم سی ، ایس آئی یو ٹی ، ضیاالدین ، چغتائی اور جی آئی ایم سی گمبٹ شامل ہیں۔وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ اس وقت 16920 سویبز(swabs) ، 15920 وائرل ٹرانسپورٹ میڈیا (وی ٹی ایم) ،27000 ایکسٹریکشن اور 23700،ایمپلیفیکیشن ٹیسٹ کا اسٹاک ہے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پہلے ہی 190000 ٹیسٹنگ کٹس کی خریداری کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔راشن کی تقسیم: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اور اجلاس میں مستحق افراد میں راشن بیگ کی تقسیم کا جائزہ لیا۔اجلاس میں وزیر محنت سعید غنی ، وزیر توانائی امتیاز شیخ ، وزیر اطلاعات ناصر شاہ ، مشیر قانون مرتضی وہاب نے شرکت کی۔وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر 200000 کے قریب راشن بیگ فراہم کیے گئے ہیں۔ تقسیم کا یہ کام صبح سویرے ہوتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور وقتا فوقتا ایک صوبائی وزیر تقسیم کے کام کا معائنہ کرتا ہے۔وزیر اعلی سندھ نے ایک بار پھر راشن کی تقسیم کے کام کو مخفی رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈسٹریبیوٹر اور وصول کنندہ کے درمیان ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کی عزت اور وقارکو مقدم رکھنا ہوگا۔