کراچی(این این آئی) پابندیوں کے باوجود پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، 24 کیسز سامنے آنے پر کراچی کے دو علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہاہے، کوروناوائرس کے کیسزسامنے آنے پر ڈپٹی کمشنرملیرنے گلستان سوسائٹی اور چراغ کالونی میں مکمل لاک ڈائون کردیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملیرگلستان سوسائٹی اورچراغ کالونی میں 24 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،محکمہ صحت کی
رپورٹ کے بعددونوں علاقے سیل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق گلستان سو سائٹی میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد میں کوروناوائرس پایا گیا تھا۔ڈپٹی کمشنرملیرنے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کوعلاقے میں اسپرے کرانے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب کراچی میں بچوں کے سب سے بڑے اسپتال کے دوڈاکٹروں میں بھی کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے، وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہاکہ لاک ڈائون پر مکمل عمل ہوتواچھے نتائج آسکتے ہیں۔