اسلام آباد( آن لائن) اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کا کورونا صورتحال کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وبا ء سے نمٹنے کے لئے تعاون پر اتفاق کیا گیا، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی ہنگامی اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہا نی کرائی ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کے روز اسلامی کانفرنس تنظیم کا کورونا کی صورتحال کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہو ا ہے جس کے بعدمشترکہ اعلامیے میں وباء سے نمٹنے کے لئے تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کورونا سے نمٹنے کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دستیاب وسائل کے ساتھ مسلمان ممالک کی مدد کو تیار ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی، ظفر مرزا نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نے انسانی تاریخ کے سب سے بڑے چیلنج کو جنم دیا ہے۔ عالمی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں ، سکولوں کی بندش سمیت تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے مشکل معاشی حالات کے باوجود مستحق افراد کے لئے اربوں روپے کے امدادی پیکج کا بھی علاج کیا ہے۔