اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) احساس کیش پروگرام کے نام پر فراڈ اور کٹوتی کرنے کے نام پر فراڈ کا انکشاف سامنے آ گیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ سارا معاملہ وائرل ہے، اس حوالے سے پولیس نے نجی بینک کے ملازمین سمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیاہے اور خواتین کے اصلی شناخت کارڈ بھی برآمد کر لئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے پنو عاقل میں احساس کفالت پروگرام کے دوران سرگرم نوسرباز ایجنٹس کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جو خواتین کو لالچ دے کر پیسے بٹور رہے تھے، چار کارندے گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کا کہنا ہے کہ ملزمان سے رشوت کے طور پر لئے گئے 38 ہزار سے زائد روپے بھی برآمد کر لی ہے۔اس کے علاوہ بہاولپور میں احساس کفالت پروگرام سینٹر میں امدادی رقم کی تقسیم کے دوران فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ احساس کفالت پروگرام سینٹر میں امدادی رقم کی تقسیم کے دوران مستحق افراد سے دستخط، انگوٹھے لگانے کے باوجود رقم نہ دینے پر چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تین نجی بینک کے ملازمین پر بھی مستحقین کو رقم نہ دینے پرمقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے 29 خواتین کے اصل شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ چنی گوٹھ سینٹر میں خاتون کو 12 ہزار کے بجائے ساڑھے گیارہ ہزار روپے دینے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی حسن سردار نیازی کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر چھاپوں میں 10ملزمان کو گرفتار کیا ہے جبکہ رقم کی فراہمی کے نتیجے میں پانچ سو سے ایک ہزار روپے کٹوتی پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر خواتین کی ویڈیو وائرل ہوئی تھیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت 12 ہزار کی رقم پوری نہیں مل رہی بلکہ اس رقم سے پانچ سو سے ہزار روپ کی کٹوتی کی جا رہی ہے۔
پنوعاقل میں احساس کفالت پروگرام کے دوران سرگرم نوسرباز ایجنٹس کے خلاف کاروائیاں
خواتین کو لالچ دیکر پیسے بٹورنے والے چار کارندے گرفتار،مقدمہ درج
ملزمان سے رشوت کے طور پر لئے گئے 38 ہزار سے زائد نقدی بھی برآمد،ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں #EhsaasEmergencyCash #Kafalat pic.twitter.com/Z3bZ11hzsU— Mustafa Mehran (@Mustafa3113) April 9, 2020