سجاول(این این آئی)سجاول کے علاقے میر پور بٹھورو میں ایک مخبوط الحواس شخص زہریلے سانپ کو پانی پلانے پر ڈسے جانے سے موت کے منہ میں چلا گیا۔تفصیلات کے مطابق ذہنی طور پر کمزور امجد ملاح کو کہیں ایک سانپ مل گیا جسے وہ خاصی دیر تک ہاتھ میں لے کر شہر بھر میں گھومتا رہا۔لوگوں کے منع کرنے کے باوجود امجد سانپ کو ہاتھوں میں لئے رہا اور اسے تالاب پر لے جاکر پانی پلاتا رہا۔
اس دوران زہریلا سانپ اسے ڈستا رہا۔ وہ منع کرنے والے بچوں اور دیگر کو کہتا رہا کہ سانپ کو پانی پینا ہے تاہم اس موقع پر کوئی بھی خوف کے مارے اس کے ہاتھ سے سانپ کو نہ چھڑا سکا۔تاہم چند سماجی کارکنوں نے خاصی تگ و دو کے بعد امجد کو پکڑ کر مکلی کے سول اسپتال پہنچایا۔ اسے ویکسین بھی دی گئی لیکن جسم میں زہر پھیل جانے کے باعث وہ انتقال کرگیا۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ امجد اس سے پہلے بھی سانپ پکڑ کر ان سے کھیلتا رہتا تھا۔