کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گھر میں نماز جمعہ کی ادائیگی بارے فتویٰ جاری کر دیاگیا ہے، جامعہ بنوری ٹاؤن نے فتویٰ دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے مساجد میں جانا ممکن نہ ہو توکم از کم 4 بالغ افراد گھر میں نماز جمعہ ادا کریں۔
فتویٰ میں کہا گیا کہ گھر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران دروازہ کھلا رکھا جائے اور اگر کوئی نماز میں شریک ہوناچاہے تو اسے نہ روکا جائے۔ فتویٰ میں کہا گیا کہ گھر میں بھی مسجد کی طرح دو اذانوں اور خطبہ کے بعد نماز جمعہ ادا کی جائے، گر کوئی شخص با جماعت نماز نہ پڑھ سکے تو وہ اکیلے نماز ظہر ادا کرے۔ فتویٰ میں مزید کہا گیا کہ اگر مسجد میں پنج وقتہ نماز باجماعت پڑھنا ممکن نہ ہو تو گھر میں جماعت کرائی جائے، امام کے پیچھے ایک مرد یا ایک نابالغ بچہ ہو تو وہ امام کی دائیں جانب تھوڑا پیچھے کھڑے ہوں۔ فتویٰ میں کہا گیا کہ اگر امام کے ساتھ دو یا دوسے زیادہ بالغ مرد ہوں توہ پیچھے صف میں کھڑے ہوں۔ اگر امام کے ساتھ ایک خاتون ہو تو وہ پچھلی صف میں کھڑی ہوں۔ امام کے ساتھ ایک مرد اور ایک خاتون ہوں تو مرد دائیں تھوڑا پیچھے اور خاتون پچھلی صف میں کھڑی ہوں۔ امام کے ساتھ مرد اور خواتین ہوں تو پہلی صف میں مرد، ان کے پیچھے بچے اور آخر میں خواتین کھڑی ہوں۔