واشنگٹن(این این آئی ) امریکا میں کورونا وائرس سے مزید ہلاکتوں کے پیشِ نظر پینٹا گون نے ایک لاکھ باڈی بیگز بنانے کا آرڈر دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا میں وفاقی سطح پر ہنگامی حالات میں کام کرنے والے ادارے فیما کے لیے پینٹا گون نے ایک لاکھ باڈی بیگز بنانے کا آرڈر دیا ہے، حکومت کو توقع ہے کہ 50 ہزار بیگز فوری طور پر اسٹاک سے فراہم ہو جائیں گے، یہ بیگز جنگی حالات میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
باڈی بیگز نہ ہونے کی وجہ سے نیو یارک میں لاشیں بیڈ شیٹس اور ریفریجریٹر ٹرکوں میں رکھی گئی تھیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلے ہی کہنا ہے کہ آنے والے دن قوم کے لیے مشکل ہوں گے، انہوں نے کہا کہ دو ہفتے جن کا آغاز ہو چکا ہے، خوفناک جا رہے ہیں۔ اس سے وائٹ ہاوس کی جانب سے کورونا سے 2 لاکھ 40 ہزار امریکیوں کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا چکا ہے۔