سرگودھا(این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کے حکم پر موجودہ لاک ڈائون سے معاشی طور پر متاثر ہونے والے گھرانوں کی معاشی کفالت کے لئے پنجاب انصاف پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس پنجاب انصاف پروگرام کے تحت صوبہ پنجاب کے25لاکھ گھرانوں کو 4000روپے ماہانہ فراہم کئے جائیں گے۔
جس کے لئے تمام اضلاع میں انتظامیہ ،اداروں اورارکان پارلیمنٹ کو پنجاب انصاف پروگرام بارے آگاہ کرتے ہوئے ہدایات دی گئی ہیں۔جن میں بتایا کہ پنجاب انصاف پروگرام میں وفاقی حکومت اور حکومتی پروگرام سے امداد حاصل کرنے والے ، سرکاری و ریٹائرڈ ملازمین، اراضی مالکان، گاڑی مالکان سمیت دیگر مراعات یافتہ طبقہ اس پروگرام میں شامل نہیں ہو گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کہا گیا کہ زیادہ سے زیادہ مستحق گھرانوں کو اس پروگرام میں شامل کرنے کے لئے ارکان پارلیمنٹ اپنے حلقہ کے مستحق گھروں کی آن لائن رجسٹریشن کے لئے تعلیم یافتہ رضاکار مقرر کریں جو ایسے گھروں میں جاکر ان کی آن لائن رجسٹریشن کریں۔اس سلسلہ میں عوام کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں اس عالمی وباکے خلاف برسرپیکار ہے اور عوامی تحفظ کے حکومتی فیصلوں سے متاثر ہونے والے گھروں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور اس پروگرام کے تحت ان کی معاشی کفالت کی جائے گی جبکہ اپنے اپنے حلقوں کے تعلیم یافتہ جوانوں کو متحرک کریں کہ وہ ایسے گھرانوں کی رجسٹریشن میں ان کی معاونت کریں تاکہ عوام حکومتی اقدامات سے مستفید ہو سکے۔