کوہاٹ(این این آئی) صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں بھی کورونا وائرس پہنچ گیا جہاں پہلی بار 2افرادمیں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔ڈپٹی کمشنر کرم شاہ فہد کے مطابق ضلع کرم کے صدر مقام پارہ چنار میں قائم قرنطینہ میں 16 مشتبہ افراد نگرانی میں رکھے گئے ہیں جبکہ ضلع میں کل 32 مشتبہ افراد کے نمونے پشاور میں مختص لیبارٹری بھجوائے گئے جن میں منگل کی صبح تک 22 افراد کے
ٹیسٹ منفی آئے جبکہ باقی 8 افراد کے ٹیسٹ کا انتظار ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کرم میں مقامی انتظامیہ نے پانچ آئسولیشن سنٹرز اور چھ قرنطینہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔شاہ فہد نے بتایا کہ جن دو افراد کے رزلٹ پازیٹیو آئے ہیں اْنہیں آئسولیشن سنٹر میں منتقل کیا جارہا ہے جہاں وہ چودہ دن گزاریں گے۔اْنہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے محکمہ صحت اور فورسز کے تعاون نے بھرپور انتظامات کررکھے ہیں اور متاثرہ افراد کا ڈیٹا محفوط کرلیا ہے۔ڈی سی نے کئے گئے اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اس وبائی مرض کی مؤثر روک تھام کے لئے سماجی دوری کے تحت غیرضروری دکانوں اور مارکیٹوں کو بندکردیا ہے اورمیلوں اور دیگر سماجی سرگرمیوں پر پہلے ہی پابندی عائد کردی ہے۔ فوری طورپر کورونا وائرس سے متاثرہ دونوں افراد کے نام معلوم نہیں ہوسکے۔واضح رہے کہ کرم میں دوہزار کے لگ بھگ زائرین ایران اور عراق کا سفر کرکے واپس آئے ہیں جن میں سولہ سو افراد کو پہلے ہی کلیئر قراردیا جاچکا ہے۔