اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران پولیس نے ڈمپر کے ذریعے غیرقانونی طور پر مسافروں کو باجوڑ لے جانے کی کوشش ناکام بنادی۔نجی ٹی وی چینل جیو کی رپورٹ کے مطابق گڈاپ پولیس نے ڈمپر سے 60 مسافروں کو حراست میں لے لیا جبکہ ڈمپر سے مسافروں کو بھیجنے کی کوشش میں ملوث افراد کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق
مسافروں نے 2 لاکھ روپے میں ڈمپر کی بکنگ کروائی تھی اور ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔دوسری جانب کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر اب تک ایک ہزارسے زائد کو گرفتارکیا جاچکا ہے۔لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے 23 مارچ سے 30 مارچ تک کے دوران 436 ایف آئی درج کیں جبکہ ایک ہزار264 افراد کو گرفتارکیا۔پولیس کی جانب سے یہ گرفتاریاں مختلف ناکوں پر چیکنگ کے دوران خلاف ورزی کرنے والے افراد کی ہیں۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران انٹراسٹی بسوں پر بھی پابندی عائد ہے۔گزشتہ دنوں کوئٹہ کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مسافروں کو کراچی سے کوئٹہ گڈز ٹرانسپورٹ کے ذریعے پہنچایا گیا تھا۔