اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ ہائوس کے قریب اربوں روپے مالیت کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنیوالا راجہ سخی سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا درست راست نکلا، راجہ سخی نے میاں نوازشریف کی ضمانت کے لئے احتساب عدالت اسلام آباد میں ضمانتی مچلکے بھی جمع کروائے ، راجہ سخی نے طالب عباسی نامی شہری کی زمین پر قبضے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی کا تعاون بھی حاصل کرلیا۔
بنی گالہ پولیس علاقے میں کورونا وائرس روکنے کی بجائے راجہ سخی کے گھر کی لونڈی بن گئی ، راجہ سخی نے پولیس کی مدد سے طالب عباسی اور اس کے خاندان کا جینا حرام کردیا۔تفصیلات کیمطابق بنی گالہ میں طالب عباسی نامی شخص کی زمین اس وقت مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ رہنما راجہ سخی کے لئے سونے کا نوالہ بنی ہوئی ہے اور راجہ سخی اس نوالے کو نگلنے کے لئے حکومت کے اہم مشیر اور بنی گالہ پولیس کو شیشے میں اتارا جاچکا ہے ، مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں راجہ سخی اور اس کے بیٹے رب ن واز بنی گالہ اور گردونواح میں سیاہ و سفید کے مالک تھے اور میاں نوازشریف کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے والا بھی یہی راجہ سخی تھا ۔696 کینال زمین کے اصل مالک طالب عباسی نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ راجہ سخی نے اب پی ٹی آئی کے ایک مشیر کو اپنا سرپرست بنا رکھا ہے اس مشیر اور سردار امان کی پراپرٹی میں شراکت داری ہے اور اس وجہ سے پولیس ان کے گھر کی باندی بن کر ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے درج کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رب نواز اور اس کے خاندان کی زمین ہم سے الگ تھی اور انہوں نے سول عدالت میں لکھ کر بھی دیدیا تھا اور اب ہم 696 کینال زمین کے جدی پشتی مالک ہیںاور اس کی ریکارڈ میں نشاندہی بھی ہو چکی ہے لیکن رات کو جب رب نواز اور واجد نواز اور فراز محمود نے اپنے دو بھانجوں بابر جاویداور عاقب جاوید کو ساتھ مسلح کرکے دھاوا بولا تو میرے سکیورٹی گارڈز نے مجھے فون پر اطلاع دی ،
میں نے موقع پر جاکر دیکھا کہ یہ لوگ باقاعدہ منصوبہ بندی سے مسلح افراد کے ہمراہ ہماری زمین پر قبضہ کی کوشش کررہے ہیں اور پولیس بھی ان کے ملی ہوئی ہے ، صبح تقریباً آٹھ بجے جب میں ایس ایچ او میاں عمران کے پاس موجود تھا تو رب نواز وغیرہ نے اپنے گھر پر خود ہی فائرنگ کی اور پولیس کے ذریعے کال چلوا دی کہ ہم نے ان کے گھر پر حملہ کیا ہے جو کہ جھوٹ پر مبنی ہے ، طالب عباسی نے بتایا کہ درحقیقت رب نواز عباسی اور اس کے بھائی اپنے حصے کی زمین فروخت کرچکے ہیں اور ان کا تعلق ماضی میں ن لیگ سے تھا اور اب پی ٹی آئی کی چھتری کے نیچے چھپے ہوئے ہیں ان لوگوں نے میری 80 کنال زمین پرناجائز قبضے کیا ہوا ہے جس کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے
لیکن اب یہ گروہ ہماری اربوں روپے کی زمین ہتھیانے کے لئے پولیس سے ساز باز کرکے ہم پر حملے کررہا ہے اور جھوٹے مقدمے بھی بنوا رہا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ قبضہ گروپوں کو لگا م دیں گے لیکن ان کی ناک کے نیچے پولیس اور قبضہ گروپ سرگرم ہیں اور شریف لوگوں کا جینا حرام کررکھا ہے۔ایس ایچ او میاں عمران نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ ہم اس زمین کو سربمہر کردیں گے اور دونوں فریقوں کے درمیان فیصلہ ہونے تک کسی کو قبضہ نہیں دیا جائے گا لیکن اب پولیس کی بدنیتی صاف بتا رہی ہے کہ وہ ہمیں جھوٹے مقدموں میں الجھا کر اس اربوں روپے مالیت کی زمین پر رب نواز وغیرہ کا قبضہ کروانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔طالب عباسی نے کہا کہ اس حوالے سے ہم ایک پریس کانفرنس کریں گے اور وزیراعظم سمیت قوم کو بتائیں گے کہ حکومت کے وزیر ، مشیر قبضہ گروپوں سے ملکر کس طرح دھندکررہے ہیں۔