پشاور(آن لائن)قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین الحاج ملک محمد سلیم چمکنی نے آٹا بحران اور اس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی غیرسنجیدگی کی بدولت عوام میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ حکومت لاک ڈائون کے دوران لوگوں کو آسانیاں فراہم کرنے کی بجائے محض اعلانات کا سہارا لے رہی ہے جس سے حالات بہتر ہونے کی بجائے مزید خراب ہوجائیں گے اور اب تو صرف آٹا بحران نے سر اٹھایا لیا ہے اس کے بعد دیگر ضرورت کی اشیا کی نہ صرف قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا بلکہ مارکیٹ ناپیدبھی ہو جائے گی انھوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے نرخ کنٹرول کرنے کیلئے حکومت کی سرد مہری اور غیر سنجیدہ رویہ کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے ایک طرف لوگوں کو گھروں تک محدود کردیا ہے جن میں اکثریت روزمرہ اجرت پر کام کرنے والے دیہاڑی داروں کا ہے اور دوسری طرف ان کو ریلیف دینے کی بجائے ان کو ہوشربا مہنگائی اور آٹا بحران جیسے مشکلات سے دوچار کردیا۔انھوں نے کہا کہ آٹا بحران پر قابو پانے اور اس کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے کیونکہ یوٹیلٹی سٹورز اورکھلے مارکیٹ سے بھی سرکاری آٹا غائب ہو گیا ہے۔