پشارو(آن لائن) کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال کے تناظر میں، عوامی مفاد کے پیش نظر اور مذکورہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت خیبر پختونخوا نے مساجد میں پنج وقتہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے حوالے سے ایک طریقہ کار اور ضوابط کے لئے احکامات جاری کئے ہیں۔
صوبے کے تمام علماء اور آئمہ کرام سے یہ طریقہ کار اختیار کرنے اور ضوابط کی پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔ یہ کہ نماز کے اجتماعات کو حتی الواسع محدود رکھا جائے، امام مسجد، خطیب،موذن،مسجد کے خدام اور محدود تعداد میں وہ مقتدی جوہر لحاظ سے صحت مندہوں، باجماعت نماز کے لئے مسجد آئیں۔ یہ کہ پچاس سال سے زائد عمر کے افراد، کمسن بچے اور وہ افراد جن میں کسی بیماری بشمول کھانسی، زکام، بخار وغیرہ کا شائبہ تک ہو، وہ مسجد میں آنے سے گریز کریں۔ یہ کہ عوام عمومی طور پر نماز کا اہتمام بشمول نماز جمعہ اپنے گھروں میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نماز باجماعت کا اہتمام کر سکتے ہیں تاہم اگر کوئی عذر ہو تو انفرادی طور پر نماز اد ا کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ تمام تر اقدامات حکومت خیبر پختونخوا عوام کی بہتر مفاد میں کر رہے ہیں ان کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ اس وائرس کی روک تھام کو ممکن بنایا جا سکیں۔