اسلام آباد (این این آئی)متحدہ اپوزیشن نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے جلد فیصلہ سنانے کی درخواست کر دی جبکہ انتخابی عمل کے حوالے سے تجاویز کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور اس کے حواریوں کی تلاشی مانگی جارہی ہے، دنیا کی تلاشی مانگنے والے اپنی تلاشی دینے کو تیار نہیں ہیں،ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کی دوبارا سے سماعت کی جائے،
خدشہ یہ ہے کہ اس جماعت کو پاکستان دشمن لابیز نے فنڈنگ کی ہے، اس حکومت کے ہاتھوں ملک کا وہ نقصان ہوا ہے جو شاید کوئی پاکستان کا دشمن باہر بیٹھ کر نہیں کر سکتا تھا، اوورسیز پاکستانیوں کو نئے پاکستان کا خواب بیچ کر ان کی جیبیں کاٹی گئی، ان کا پیسہ کس کی جیب میں گیا؟،تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی جائے تاکہ ہم یہ بتاسکیں کہ 2018کے انتخابات میں کیا کمی، کوتاہی کیا بد عنوانی ہوئی، انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنے کی اجازت ہر گز نہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد اپوزیشن رہنماؤں خواجہ آصف، احسن اقبال، فرحت اللہ بابر اور مولانا صلاح الدین ایوبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔منگل کو متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، متحدہ اپوزیشن کے وفد میں مسلم لیگ ن کے رہنما ء خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، خرم دستگیر، پیپلز پارٹی کے رہنماء فرحت اللہ بابر اور جے یو آئی ف کے رہنماء مولانا صلاح الدین ایوبی شامل تھے، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ہے، ہم نے یاداشت پیش کی کہ کئی سال ہو گئے فارن فنڈنگ کیس دائر ہوا ہے اوراس پر کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت ایک اسٹے پر چل رہی ہے، کنٹینر پر وہ سب کی تلاشی مانگتے تھے، آج عمران خان اور اس کے حواریوں کی تلاشی مانگی جارہی ہے، دنیا کی تلاشی مانگنے والے اپنی تلاشی دینے کو تیار نہیں ہیں،
جب تک تمام چیزیں باہر نہیں آئیں گی، پی ٹی آئی پر ہمیشہ شک و شبہات رہیں گے، حکومت کی طرف سے تاخیری حربے استعمال کیئے جارہے ہیں، 2015تک کی پٹیشن ہے اس کے بعد کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہر الیکشن پر کوئی نہ کوئی سوالیہ نشان ضرور بنا ہے، چیف الیکشن کمشنر ایسے الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں جس سے ووٹ کی عزت کا تحفظ کیا جائے، الیکشن کمیشن ووٹ کی عزت کا تحفظ کر سکتا ہے،ہم تجویز دی کہ آل پارٹیز میٹنگ بلائیں اور تجاویز ان سے لیں، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جلد اس میٹنگ کا انعقاد کریں گے،
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء فرحت اللہ بابر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی گئی کہ تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی جائے تاکہ ہم یہ بتاسکیں کہ 2018کے انتخابات میں کیا کمی، کوتاہی کیا بد عنوانی ہوئی، ہم نے کہا کہ انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنے کی اجازت ہر گز نہ دی جائے، فرحت اللہ بابر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کوروزانہ سماعت کی بنیاد سن کر جلد اس کا فیصلہ کیا جائے، جے یو آئی (ف)کے رہنماء مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ عمران خان سے مطالبہ ہے کہ کیوں ایسی باتیں کرتے ہو کہ خود ان پر عمل نہیں کرتے ہو، ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کی دوبارا سے سماعت کی جائے،
مسلم لیگ(ن) کے رہنماء احسن اقبال نے کہاکہ خدشہ یہ ہے کہ اس جماعت کو پاکستان دشمن لابیز نے فنڈنگ کی ہے، اس حکومت کے ہاتھوں ملک کا وہ نقصان ہوا ہے جو شاید کوئی پاکستان کا دشمن باہر بیٹھ کر نہیں کر سکتا تھا، اوورسیز پاکستانیوں کو نئے پاکستان کا خواب بیچ کر ان کی جیبیں کاٹی گئی، ان کا پیسہ کس کی جیب میں گیا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جو پیسہ عمران کے بہکاوے میں آکر دیا تھا، انہیں بتایا جائے وہ پیسہ کہاں گیاہے، اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکا دے کرپیسہ لیا گیا اور پیسہ ذاتی اکاؤنٹ میں جاتا رہا، شفاف تحقیقات ہونی چاہیے،ایک جماعت پانچ سال سے اس پورے عمل کو سبوتاڑ کر رہی ہے، عمران خان اپنی تلاشی دو، قوم ان کی منی ٹریل مانگ رہی ہے،آؤ قوم کو تلاشی دو،خود چھپتے پھر رہے ہیں۔