نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے الزام لگایا کہ وزیر خارجہ سشماسوراج کی وزارت جب آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی کے خلاف مقدمہ لڑ رہی تھی تو خود محترمہ سورج کی بیٹی عدالت میں للت مودی کا دفاع کررہی تھیں۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان رنڑدیپ سرجیوالا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ للت مودی کا پاسپورٹ ضبط کرنے کے معاملے میں سشما سوراج کی وزارت ہائی کورٹ میں کیس لڑ رہی تھی اور ان کی بیٹی ہی للت مودی کی وکیل تھیں۔ کانگریس نے راجستھان کی وزیراعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا پر بھی ”قانون سے فرار شدہ“ للت مودی کی مدد کرنے کا الزام لگایا ہے۔ پارٹی کے ترجمان سرجیوالا نے کہا کہ سشما سوراج اور وسندھرا راجے، دونوں سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے مجرم ہیں۔ دونوں آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت بنیادی طور پر مجرم ہیں۔ ان معاملات میں انہیں سات برس تک کی سزا ہوسکتی ہے۔