نیویارک(نیوزڈیسک)بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان سے تعلقات بہتر بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم دوطرفہ روابط میں پیشرفت کا انحصار اس بات پر ہے کہ پاکستان کی جانب سے کس قسم کی اشتعال انگیزی سامنے آتی ہے۔امریکا کے دس روزہ دورے کے دوران اورن جیٹلی نے نیویارک کے ایک تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے ماحول کی تشکیل اور باہمی روابط کو معمول پر لانا پاکستان کی ذمہ داری ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نریندرا مودی کی قیادت میں ہندوستان کے اپنے پڑوسی سے تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔اورن جیٹلی کے مطابق ماضی قریب میں ہندوستان مشکلات میں پھنسے پڑوسی ممالک کے درمیان پھنسا ہوا تھا اور وہاں سے متعدد مسائل ہندوستان میں در آئے انہوں نے چینی قیادت سے بے مثال تعلقات قائم کرنے پر بھی بھارتی وزیراعظم کو سراہا وزیراعظم نے چینی قیادت سے بہت اچھے تعلقات قائم کیے ہیں، ہمارے ان سے سرحدی تنازعات ہیں جو حل طلب ہیں اس کے علاوہ بھی چین سے متعلق متعدد مسائل موجود ہیں جو ہمارے لیے تحفظات کا باعث ہیں مگر کم از کم سرحد کے گرد کشیدہ صورتحال تو موجود نہیں۔