راولپنڈی (این این آئی)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو 5وکٹوں سے شکست دیدی۔الیکس ہیلز مین آف دی میچ قرارپائے۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 14ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے بیٹنگ کا جبکہ کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم اور محمد عامر نے باولنگ کا آغاز کیا۔
دو رنز کے مجموعی سکور پر ہی اسلام آباد یو نائیٹڈ کی ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر کولن منرو ایک سکور بنا کر محمد عامر کی گیند پر کرس جورڈن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ون ڈاون پوزیشن پر رضوان حسین بیٹنگ کیلئے آئے۔46رنز کے مجموعی سکور پر عمید آصف نے کرس جورڈن کی گیند پر رضوان حسین کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا،اس وقت رضوان حسین کا سکور18رنز تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے 50رنز 6.2اوورزمیں مکمل کیئے۔50رنز کے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب رضوان حسین 22رنز بنا کر عمر خان کی گیند پر الیکس ہیلز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔جس کے بعد کولن انگرام بیٹنگ کیلئے آئے۔77رنز کے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ گر گئی جب کولن انگرام 16رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔اس موقع پر کپتان شاداب خان بیٹنگ کیلئے آئے جنہوں نے رونکی کیساتھ ملکر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا،اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے گراونڈ کے چاروں طرف دلکش سٹروک کھیلے اور شائقین کرکٹ سے داد حاصل کی۔اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم نے اپنے 100رنز 13.3اوورزمیں تین وکٹوں کے نقصان پر مکمل کیئے۔اس دوران لیوک رونکی نے اپنی نصف سنچری42گیندوں پر7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20اوورزمیں 3 وکٹوں کے نقصان پر183 رنز بنا لیئے۔لیوک رونکی نے 58گیندوں پر9چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے
بغیر85جبکہ شاداب خان نے 31گیندوں پر3چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر54رنز بنائے۔کراچی کنگز کی طرف سے عمر خان،عماد وسیم اور محمد عامر نے بالترتیب 24،31اور40رنز کے عوض ایک،ایک جبکہ کرس جورڈن نے چار اوورز میں 41اور عمید آصف نے چار اوورز میں 45رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔جواب میں کراچی کنگز کی طرف سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے بیٹنگ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیل سٹین اور رمان رئیس نے باولنگ کا آغاز کیا۔پہلے اوور کی چوتھی گیند کے دوران بابر اعظم،شاداب خان کی تھرو پر کوئی رنز بنائے بغیررن آوٹ ہو گئے۔
یوں کراچی کنگز کی پہلی وکٹ صفر کے سکور پر گر گئی۔ون ڈاون پوزیشن پر الیکس ہیلز بیٹنگ کیلئے آئے۔کراچی کنگز نے اپنے50رنز 4.3اوورزمیں مکمل کیئے۔58رنز کے مجموعی سکور پر کراچی کنگز کی ٹیم کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھنا پڑا جب شرجیل خان کے خلاف شاداب خان نے ریویو لیا جس میں انہیں کامیابی نصیب ہوئی اور شرجیل خان 38رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر رومان رئیس کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔جس کے بعدکیمرون دلپورٹ بیٹنگ کیلئے آئے۔کراچی کنگز نے اپنے 100رنز 10:3اوورز میں مکمل کیئے۔122رنز کے مجموعی سکور پر کراچی کنگز کی ٹیم کو تیسرا نقصان اٹھانا پرا جب کیمرون دلپورٹ 38رنز بنا کر ڈیل سٹین کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔اس موقع پروکٹ کیپر والٹن بیٹنگ کیلئے آئے۔الیکس ہیلز نے اپنی نصف سنچری29گیندوں پر4چوکوں اور6چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔
136رنز کے مجموعی سکور پر کراچی کنگز کی چوتھی وکٹ گر گئی جب الیکس ہیلز 52رنز بنا کر احمد صافی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں سٹمپ آوٹ ہو گئے۔جس کے بعد افتخار احمد بیٹنگ کیلئے آئے تاہم وہ صرف ایک رنز بنا کر رجوان حسین کی شاندار تھرو پر رن آوٹ ہو گئے۔اس موقع پر کراچی کنگز کا مجموعی سکور 139رنز تھا۔اس موقع پر کپتان عماد وسیم بیٹنگ کیلئے آئے۔کراچی کنگز کی ٹیم نے مطلوبہ حدف 18.4اوورزمیں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔والٹن23 رنز اور عماد وسیم32 رنز کیساتھ ناٹ آوٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے احمد صافی،رومان رئیس اور ڈیل سٹین نے بالترتیب 21،27اور37رنز کے عوض ایک،ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شاداب کان نے چار اوورز میں 23،محمد موسیٰ نے تین اوورز میں 32اور فہیم اشرف نے 2.4اوورز میں 44رنز دیکر کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔کراچی کنگز کی طرف سے شاندار نصف سنچری بنانے پر الیکس ہیلز کو ’مین آف دی میچ‘کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔