اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف صحافی و سینئر کالم نویس جاوید چودھری نے اپنے کالم میں لکھا کہ یہ بھی حقیقت ہے ہندوستان اپنی پوری تاریخ میں کسی بھی زمانے میں خلافت عثمانیہ کا حصہ نہیں رہا، تاریخ میں یہ کارنامہ پہلی بار وزیراعظم عمران خان نے 14 فروری 2020ء کو ترک صدر طیب اردگان کی موجودگی میں انجام دیا اور تاریخ اور تاریخ کے طالب علم دونوں کو حیران کر دیا اور میں اس عظیم کارنامے پر اپنے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان کمال شخصیت ہیں‘ یہ دنیا کی ہر چیز‘ ہر علم جانتے ہیں‘ یہ اسلام کو بھی سمجھتے ہیں۔یہ مدینہ کی ریاست کو بھی اہل مدینہ سے زیادہ جانتے ہیں‘ انہیں یہ بھی معلوم ہے تاریخ میں کسی جگہ حضرت عیسیٰ ؑ کا ذکر نہیں آیا‘ یہ (نعوذباللہ) اللہ تعالیٰ کو بھی ہدایت دے دیتے ہیں‘ یہ جرمنی اور جاپان کا بارڈر بھی ملا دیتے ہیں‘ یہ طالبان کی ٹریننگ کی ذمہ داری بھی قبول کر لیتے ہیں‘ یہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کو بھی مشورے داغ دیتے ہیں‘ یہ سکھ مت کے بھی ایکسپرٹ ہیں‘ یہ ٹیکے لگا کر حوریں بھی دیکھ لیتے ہیں اور یہ آخر میں یہ بھی جان گئے ہیں ہندوستان چھ سو سال تک خلافت عثمانیہ کا حصہ رہا اور ہم پر ترکی حکومت کرتا رہا۔لہٰذا خطرہ ہے یہ جس رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں یہ کسی دن یہ اعلان بھی کر دیں گے چاند بھی میانوالی سے ٹوٹ کر خلا میں گیا تھا اور ہم بہت جلد مریخ سے گندم‘ چینی اور گیس امپورٹ کریں گے‘ دنیا میں بڑے بڑے مورخ اور جغرافیہ دان گزرے ہیں لیکن جغرافیے اور تاریخ کی جتنی سمجھ اللہ تعالیٰ نے ہمارے وزیراعظم کو دی ہے اتنی آج تک کسی کے حصے نہیں آئی‘ جتنا ہمارے وزیراعظم معیشت اور عالمی مسائل کو سمجھتے ہیں اتنا آج تک معیشت اور مسائل دونوں خود کو نہیں سمجھ سکے چناں چہ یہ روز کچھ نہ کچھ فرما کر پوری دنیا کو حیران کر دیتے ہیں۔ مجھے خطرہ ہے یہ کسی دن بنی گالا سے امام مہدی کا ظہور بھی کرا دیں گے اور ان کے حواری سوشل میڈیا پر واہ واہ بھی شروع کر دیں گے‘
یہ دعویٰ کریں گے”ہم نہ کہتے تھے کپتان پوری دنیا کو حیران کر دے گا‘ اب دیکھ لو اس نے کر دیا“ یہ کیا ہو رہا ہے اور ہم کیا کر رہے ہیں اور کیا ملک میں سمجھانے اور بتانے والا کوئی نہیں رہا؟ خدا خوفی کریں‘ آپ انہیں تاریخ کی کلاسز ہی دے دیں اور اگر یہ بھی ممکن نہیں تو آپ انہیں تحریری تقریر پر ہی لے آئیں ورنہ ہم کسی دن ورنہ کے قابل بھی نہیں رہیں گے‘ ہم پوری دنیا میں مذاق بن جائیں گے لہٰذا خدا خوفی کر لیں‘ اس سے پہلے کہ خدا کا قہر جاگ جائے۔