سجاول( آن لائن ) سجاول میں سرکاری گودام سے گندم کی پانچ ہزار بوریاں غائب ہونے کا انکشاف ہواہے جس کے بعد تحقیقاتی ٹیم نے پہونچ کا گودام کی چھان بین اور گندم شفٹ کرانے کا کام شروع کردیاہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹرذاہد بلوچ نے تین افسران پر مشتمل ٹیم کو سجاول کے گودام کی انسپکشن کی ہدایات جاری کیں، جنہوں نے سجاول پہونچ کرگودام کے تالے
توڑکر چھان بین کرنی چاہی تو مقامی فوڈ انسپکٹر یاسین شاہ سے ان کی تلخ کلامی ہوئی جس پر تحقیقاتی ٹیم نے تھانے پر مداخلت بے جا کی رپورٹ بھی درج کرائی ہے، تحقیقاتی ٹیم کے ذرائع کاکہناہے کہ سجاول کے گودام میں بائیس ہزار سات سو گندم کی بوریاں رکھی گئیں تھیں جن میں سے پچاسی لاکھ روپے کی پانچ ہزار گندم کی بوریاں غائب پائی گئیں، جبکہ کئی بوریوں میں گندم کے بجائے بھس بھرکررکھاگیاتھا، تحقیقاتی ٹیم کا کہناہے کہ تمام بوریوں کو شفٹ کیاجارہاہے تاکہ بھس بھری بوریوں اندازہ لگایاجاسکے، ذرائع کا کہناہے کہ مقامی فوڈ انسپکٹر پر گودام میں رکھی گندم کو فلورملزکو بیچنے کا الزام ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر جلد کاروائی کا امکان ہے