ممبئی(نیوزڈیسک)بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں زہریلی شراب پینے سے 40 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زہریلی شراب سے متاثر مزید افراد کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق لکشمی نگر جھونپڑ پٹی سے ہے۔ ممبئی پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز جمعرات کی شام اس وقت پیش آیا تھا جب یہ افراد بارش کے بعد خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے ممبئی کے نواحی علاقے ملاڈ گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ملاڈ میں ہی شراب کی ایک دکان سے دیسی شراب خریدی جسے پینے کے بعد ان کی طبیعت بگڑنے لگی۔ پولیس کے مطابق حالت بگڑنے پر ان افراد کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا جہاں اب تک 40 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ دیگر افراد شہر کے مختلف ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں داخل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملاڈ پولیس نے شراب کی دکان کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ ماضی میں بھی زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کے کئی بڑے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ 2012ء میں مغربی بنگال میں بھی دیسی زہریلی شراب پینے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں تقریباً 200 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس سے قبل 2009ئ میں بھی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں زہریلی شراب زہریلی شراب نے 107 افراد کی جان لے لی تھی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں