نئی دہلی (این این آئی) بھارتی حکام نے کبڈی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے پاکستانی آنے والی اپنی ٹیم سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے کسی ٹیم کو اجازت نہیں دی گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے سربراہ نریندر باترا نے کہاکہ پاکستان گئے ہوئے کسی کھلاڑی کے بارے میں انہیں کوئی علم نہیں،
اسی طرح نہ آئی او اے اور نہ ہی امیچور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا (اے کے ایف آئی) نے کسی ٹیم کو ورلڈ کپ میں حصہ لینے کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ آئی او اے نے کوئی منظوری نہیں دی اور فیڈریشن کی جانب سے بھی منظوری نہیں دی گئی اس لیے میں نہیں جانتا کہ کون گیا ہوا ہے اور 60 یا 100 کتنے ہیں مجھے اندازہ نہیں۔نریندر باترا کا کہنا تھا کہ آئی او اے رکن کبڈی فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے کسی نہیں بھیجا اور وزارت کھیل کا بیان بھی میں نے دیکھا ہے اور انہوں نے بھی کوئی منظوری نہیں دی تو میں نہیں جانتا کہ وہ کون ہیں اور کہانی کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اے کے ایف آئی کے منتظم ایس پی گیرج نے بھی تصدیق کردی کہ فیڈریشن نے پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کیلئے کسی ٹیم کو اجازت نہیں دی اور حکام نے انکشاف کیا کہ کھلاڑی بھارت سے صرف معلومات ملنے پر چلے گئے ہیں۔خیال رہے کہ بھارت کی کبڈی ٹیم 8 فروری کو براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچی تھی اور کبڈی ورلڈ کپ 2020میں حصہ لینے والی 10 ٹیموں میں شامل ہے تاہم بھارتی حکام کے ان بیانات سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی مقابلوں میں حصہ لینے والی بھارتی ٹیم کے لیے متعلقہ کھیل کی وزارت کو آگاہ کرنا ضروری ہوتا ہے جو منظوری کے لیے درخواست کو وزارت خارجہ امور اور وزارت داخلہ کو بھیج دیتی ہے چاہے اس ٹیم کی فنڈنگ سرکاری سطح پر ہو یا نہیں۔