کراچی(این این آئی)سندھ کے وزیرزراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے حوالے سے جاری کردہ تفصیلات وفاقی حکومت کے منہ پرطمانچہ ہیں،ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کرنیوالے صوبوں کو کہتے ہیں کہ مہنگائی پر کنٹرول کریں،ملک میں مہنگائی کے طوفان میں روز بہ روز شدید اضافہ ہو رہا ہے،وزیرا عظم نے مہنگائی کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑکر مہنگا ئی کا
کپ بھی اپنے نام کرلیاہے۔وزیراعظم کے صوبے مہنگائی پر کنٹرول کرنے والے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ کے وزیر زراعت نے کہا کہ عمران خان صوبوں میں مہنگائی کا سیلاب لاکرکہتے ہیں کہ تیرنے کا بندو بست بھی خود کریں،ادویات، سبزیاں، پھل،آٹا،دال، چینی، تیل،گیس، دودھ ہر چیز عوام کی پہنچ سے دور کردی گئی ہے۔انہوں نے کہاک ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار وفاقی حکومت کے لاڈلے وزراء ہیں،خان صاحب کی کچن کابینہ نے پوری قوم کے کچن بند کرا دیئے ہیں،وزیراعظم کو مہنگائی میں اضافہ کرنیوالے وزراء اور افسروں کو بے نقاب کرنا چاہیے۔ اگر مہنگائی کے ذمہ داروں کو ظاہر نہ کیا گیا تو پھر وزیراعظم خود ملوث ہیں۔وزیراعظم نے مہنگائی کم کر کے عوام کو ریلیف نہ دیا تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاقی ادارہ شماریات کی مہنگائی کے اعداد شمار کی رپورٹ نے بنی گالا حکومت کی قلعی کھول دی ہے۔وزیراعظم جب بھی مہنگائی کانوٹس لیتے ہیں یا اجلاس بلاتے ہیں تو مہنگائی مزید بڑھ جاتی ہے۔ایسے فضول نوٹس لینا بند کریںجو اور عوام پر بوجھ بڑھا دیں۔انہوں نے کہاکہ کیا وزیراعظم نہیں جانتے کہ مہنگائی کیوں اور کس کی وجہ سے بڑھ رہی ہے۔وفاق منافع خوروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہا۔ایک سال میں آٹا 25 فیصد،سبزیاں104 فیصد، پیاز137 فیصد، ٹماٹر 211 فیصد، آلو 111فیصد مہنگے ہوئے۔ان کا فائدہ کس کو پہنچا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک سال میں سب سے زیاہ چینی کی قیمت میں اضافہ ہوا۔اس کا فائدہ نااہل کو پہنچاْملک میں مہنگائی میں اضافے کا اعلی عدلیہ نوٹس لے اورحکومت سے جواب مانگے۔



















































