فیصل آباد( آن لائن )فیصل آباد میں پاور لومز اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز مالکان نے بجلی، گیس اور دھاگے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف فیکٹریوں کی تالہ بندی کا اعلان کر دیا۔ انڈسٹریز کی بندش سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہو جائیں گے۔بجلی، گیس اور دھاگے کی قیمتوں میں کئے جانے والے اضافے نے ایک بار پھر سے پاور لومز اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز مالکان کو تالہ بندی پر مجبور کر دیا۔ فیصل آباد میں قائم ہزاروں انڈسٹریز سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کو بھی انڈسٹریز کی
بندش کے باعث روزگار کی فکر ستانے لگی ہے۔ پاور لوم ورکرز کہتے ہیں کہ صنعتوں کا پہیہ چلنے سے ہی انکے گھروں کا چولہا جلتا ہے۔دوسری جانب پاور لومز مالکان ایسوسی ایشن کے چئیرمین وحید خالق رامے کہتے ہیں کہ قیمتوں میں اضافے سے انڈسٹریز چلانا محال ہو گیا ہے۔ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو 10فروری سے فیکٹریوں کی تالہ بندی کر دی جائے گی۔صنعتوں کی بندش سے نہ صرف مزدوروں اور انڈسٹری مالکان کو نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ ملکی معیشت بھی متاثر ہو گی۔