اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کو آٹا اور گندم بحران سے متعلق رپورٹ ارسال کردی گئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ بحران باقاعدہ منصوبہ بندی سے پیدا کیا گیا ہے اور اس میں بعض سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات ملوث ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم کو بھیجی گئی رپورٹ میں آٹا اور گندم بحران کے ذمہ دار بیوروکریٹس اور سیاسی شخصیات کی نشاندہی کی گئی ہے، ذرائع کے مطابق رپورٹ
میں کہا گیا ہے کہ آٹا اور گندم بحران محکمہ خوراک کی انتظامی نااہلی اور سیاسی دبائوکی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نومبر تک گندم 1550 روپے فی من تھی جسے منصوبہ بندی سے 1950 روپے تک پہنچایا گیا، دو ماہ قبل مارکیٹ میں گندم وافر تھی، تاہم دسمبر میں غائب ہونے لگی۔وزیراعظم کو پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ صاف شدہ گندم 2100 روپے من ملنے پر چکی مالکان نے بھی قیمت بڑھا دی ہے۔