اسلام آباد( آن لائن )رواں مالی سال کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2019 یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 2.349 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے
مقابلہ میں 0.04 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 2.348 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ دسمبرمیں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 427.56 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ گزشتہ سال دسمبر میں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 351.19 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک بھجوایا۔جاری مالی سال کے دوران ابو ظہبی میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 1.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی عرصہ میں پاکستانیوں کی جانب سے 752.08 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک بھجوایا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ابو ظہبی میں مقیم پاکستانیوں نے 744.28 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔دوسری جانب دبئی میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 0.18 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے دوران 1577.67 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے 1580.44 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔