پشاور(این این آئی)صوبائی دارلحکومت پشاورسمیت صوبہ بھر میں آٹابحران پیدا ہوگیاہے،خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ٹرکوں پر سستے آٹے کی تقسیم کے باوجود بحران کم نہیں ہوسکا۔گندم کی فصل تیار ہونے سے قبل پاکستاں میں آٹے کی قیمت بڑھ گئی اور خیبرپختونخوا کو بحران کا بھی سامنا ہے۔خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ٹرکوں پر سستے آٹے کی تقسیم کے باوجود بحران کم نہیں ہوسکا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وعدے کے باوجود پشاورمیں کہیں بھی سستے آٹے کے ٹرک نہیں پہنچائے جا سکے۔
مارکیٹ میں فائن آٹا60 روپے فی کلو اور 20 کلو کی بوری 1200 میں فروخت ہو رہی ہے۔ مکس آٹا 55 روپے فی کلو اور 20 کلو کی بوری 11 سومیں فروخت ہو رہی ہے۔محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کے مطابق مختلف اراکین اسمبلی آٹے کے ٹرک منگوا کر اپنے حلقوں میں تقسیم کیے تاہم ہر علاقے میں سستا آٹا دستیاب نہیں۔پاکستان میں اندازََ سالانہ 25 ملین ٹن گندم پیدا ہوتی ہے تاہم گزشتہ برس بارش اور سیلاب کے سبب ایک لاکھ ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا جس سے گندم کی پیداوار بھی متاثر ہوئی۔