اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے پیش نظر اتوار سے ایران, سعودی عرب اور امریکہ کے دورے پر روانہ ہونگے. اہم سفارتی ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکہ کے مابین جاری کشیدگی کے پیش نظر متعلقہ ممالک کا دورہ کرینگے. ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اتوار کو ایران کے دارالحکومت تہران پہنچیں گے اور ایرانی اعلی قیادت سے ملاقات کرینگے. ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ ایران اور امریکہ کے مابین ثالثی نہیں بلکہ کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش ہے. ایرانی قیادت کے ساتھ
ملاقات کے بعد پیر کو وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچیں گے. توقع ہے کہ شاہ محمود قریشی سعودی ہم منصب سے ملاقات سمیت اعلی سعودی حکام کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے. ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور امن سے متعلق بات چیت کرینگے. ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بدھ یا جمعرات کو واشنگٹن پہنچیں گے جہاں وہ سیکرٹری مائیک پیمپیو سے ملاقات کرینگے. توقع ہے کہ وزیر خارجہ امریکہ کے دورے کے دوران امریکی سینیٹرز سے بھی ملیں گے. واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر دورے کر رہے ہیں۔