آکلینڈ( آن لائن ) پاکستان لائرز کرکٹ ٹیم بی نے بدھ کے روز نیوزی لینڈ میں جاری ساتویں وکلاء کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان کی لائرزکرکٹ ٹیم بی کو 24 رنز سے شکست دے کر پلیٹ چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان لائرز کرکٹ ٹیم بی نے اپنے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔پاکستانی بلے باز عاطف بیگ نے 49 گیندوں پر 48 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ سکور کیا جبکہ دوسرے تمام بلے بازوں
نے ڈبل ہندسے کے سکور کی مدد سے پاکستان کو ایک بڑا سکور کھڑا کرنے میں مدد دی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بائولرز محمد نجیب جمالی اور محمد علی لکھنی نے مجموعی طور پر چھ وکٹیں لے کر بھارتی لائرز کی ٹیم کو 169 رنز پرڈھیر کردیا۔حسن میرزا اورکپتان سلیمان ہوڈا نے کفایتی بائولنگ کرتے ہوئے بالترتیب دو اور ایک وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مخالف ٹیم پر پہلے اوورز میں دبائو بڑھایا۔محمد نجیب جمالی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔