نیویارک(این این آئی )ہوا بازی سے متعلق تحقیق کرنے والے ایک ادارے نے کہا ہے کہ 2019 میں فضائی حادثات میں ہونے والی اموات میں واضح حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ سال 2018 کے مقابلے میں 2019 میں ہونے والی ہلاکتیں نصف سے بھی کم رہی ہیں۔امریکی ٹی وی کے مطابق کمرشل مسافر طیاروں کے حادثات اور ان میں ہونے والی ہلاکتوں کے یہ اعداد و شمار دی ٹو70 نامی ایک ادارے نے اپنی رپورٹ میں جاری کیے ۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں مسافر طیاروں کے حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں تقریباً 50 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال ا?ٹھ مسافر طیاروں کے حادثات ہوئے جن میں 257 افراد ہلاک ہوئے ۔دوسری جانب 2018 میں مسافر طیاروں کے 13 حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 534 رہی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2019 میں ہلاکتوں کی تعداد مزید کم ہو سکتی تھی اگر دسمبر کے اواخر میں قازقستان میں طیارہ حادثہ نہ ہوا ہوتا۔