اسلام آباد(آن لائن)عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے مشن چیف رمریزریگو نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایکس چینج ریٹ مستحکم ہونے کے باعث مہنگائی میں کمی ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ایف مشن چیف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے ہی ایگزیکٹو بورڈ نے ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا ہے جس کے مطابق پاکستان نے پہلی سہ ماہی میں تمام معاشی اہداف حاصل کر لئے ہیں۔رمریزریگو نے بتایا ہے کہ پاکستان کی معاشی ٹیم دیگراہداف حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے تاہم اسے پاورسیکٹرمیں گردشی قرض کا سامنا ہے
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں افراط زر کی شرح میں ٹھہراؤ آگیا ہے، مارکیٹ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے تاہم پاکستان کو اسٹرکچرل اصلاحات پر زوردینا ہو گا۔ آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح کم ہے لیکن مثبت ہے، مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہو رہی ہے۔عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہونے والے جائزہ اجلاس میں معاشی کارکردگی سے مطمئن ہیں، پاکستان کی معاشی کارکردگی سے بورڈ کو آگاہ کیا جائے گا۔