کراچی( آن لائن )برطانوی جریدے ڈیلی میل سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین کراچی میں کھیلنے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل
کے اختتام پر پریس کانفرنس کے دوران ان کے لیے ہتک آمیز جملوں کا استعمال کیا ۔صحافی کا کہنا تھا کہ 19سالہ پیسر نے انہیں کہا کہ وہ زیادہ روشنی میں آجائیں تاکہ با آسانی انہیں نظر آسکیں ۔اصغر علی مبارک نامی صحافی نے اپنے ویڈیو پیغام میں دھمکی دی کہ اگر شاہین آفریدی اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر ان سے سرعام معافی نہیں مانگی تو وہ انہیں عدالت لے کرجائیں گے ،مذکورہ صحافی نے دعویٰ کیا کہ شاہین آفریدی نے ان کے بارے میں اس طرح کے ریمارکس د ے کرآئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی بھی خلاف ورزی کی ہے ۔اصغر علی مبارک کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل وہ سابق برطانوی کپتان مائیکل ایتھرٹن کوورلڈ کپ1996کے دوران انہیںبیل کہنے پر عدالت لے جاکر معافی مانگنے پر مجبور کرچکے ہیں ۔دوسری جانب ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ سے تعلق رکھنے والے صحافی عمر فاروق نے اپنے ٹویٹر پیغام میں اصغر علی مبارک کی اس دعوے کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ صحافی پاکستانی پیسر پر جو نسلی تعصب کا الزام لگارہے ہیں وہ درست نہیں ہے۔