لاہور( این این ائی)لاہور ہائیکورٹ نے کاشانہ ویلفیئر ہوم میں سامنے آنے والے سکینڈل کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست کی سماعت 18دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرکو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے جائیں گے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد نے درخواست پر سماعت کی ۔اس دوران ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے جواب ہائیکورٹ میں داخل کروا دیا۔
فاضل عدالت نے سابق سپرنٹنڈنٹ سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ معالہ سنگین نوعیت کا لگتا ہے آپ بتائیں حقیقت کیا ہے؟،سابق سپرنٹنڈنٹ نے موقف اپنایا کہ بچیوں کی چھوٹی عمر میں زبردستی شادیاں کی جاتی ہیں ۔جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ اگر فریقین کسی انکوائری آفیسر پر مطمئن ہوں تو عدالت انکوائری کا حکم دیدے گی ۔بتایا جائے انکوائری کسی پولیس آفیسر یا ایف آئی اے سے کرانی ہے ۔عدالت نے مزید سماعت 18دسمبر تک ملتوی کر دی ۔