اسلام آباد(نیوزڈیسک) آرمی چیف کی ایکسٹینشن،سب کچھ حکومت نے جان بوجھ کر کیا،سابق آرمی چیف اسلم بیگ نے سنگین الزامات عائد کردیئے،چونکا دینے والے انکشافات، تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے سابق سربراہ جنرل اسلم بیگ نے
فوج کے سربراہ کی ایکسٹینشن کے عمل پر حکومتی کردار کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی حساس ایشو پر حکومتی نا اہلی نے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کروائی ہے۔ وزارت دفاع، وزارت قانون اور وزیراعظم ہاؤس کے لوگ اتنے نکمے نہیں جنہوں نے سمری بنائی اور نوٹیفکیشن جاری کیا سارے عمل کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ لگتا ہے جان بوجھ کر ایسا کیا گیا اور کسی نہ کسی سطح پر کوئی گڑ بڑ ضرور موجود ہے اور اگر اس کا پتہ نہ لگایا گیا تو مستقبل میں ایسا کوئی تماشا پھر کھڑا ہو سکتا ہے۔ ادارے آئین پاکستان کے پابند ہیں اور آئین پاکستان کے تحت ہی انہیں حکومت کے تابع کام کرنا پڑتا ہے یہ کہنا کہ حکومت کو کوئی چلنے نہیں دیتا یہ سراسر پراپیگنڈا ہے۔ حکومت کی نا اہلیوں اور ناکامیوں کا ملبہ اداروں پر نہیں گرنا چاہئے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ خرابی شاید اس لئے پیدا ہوئی کہ حکومت میں اہل لوگوں کا فقدان ہے مجھے فکر پڑ گئی ہے کہ جو حکومت اپنے سپہ سالار کی مدت ملازمت کے حوالے سے سنجیدہ نہ ہو وہ ملکی معاملات خصوصاً خارجہ امور اور معاشی بدحالی، عوام کی حالت زار، گورننس کے حوالے سے کتنی سنجیدہ ہوگی۔