اسلام آباد (آن لائن) ترجمان وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے عدالتی فیصلے پر کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے اختیارات کو تسلیم کیا ہے اور اعلیٰ عدلیہ نے وزیراعظم کے توسیع سے متعلق فیصلے پر مہر ثبت کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان وزیراعظم افضل چن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کیس میں وزیراعظم کے اختیارات کو تسلیم کیا ہے اور وزیراعظم کے توسیع سے متعلق فیصلے پر مہر ثبت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع یا تعیناتی کے حوالے سے قانون سازی کے لئے فیصلہ پارلیمنٹ پر چھوڑا ہے جو جمہوری حکومت کی ایک طرح کی جیت ہے اس معاملے پر اپوزیشن بھی جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ اس حوالے سے قانون سازی کے لئے حکومت کا ساتھ دے گی بصورت دیگر سیاسی صورتحال خراب ہونے سے سیاسی عدم استحکام پیدا ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دوران کیس جنرل قمر جاوید باجوہ کی ذات پر کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور قانون سازی اس کی اصل ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی جنب سے منفی پروپیگنڈا کر کے غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش بھی کی گئی اور کچھ لوگ خاموش رہ کر بھی اشاروں میں بہت سی باتیں کرتے تھے تاہم آج ملکی تاریخ میں عدلیہ، پارلیمنٹ، ایگزیکٹو اور پاک افواج کیلئے اچھا دن ہے کہ اداروں کے آئینی حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے۔