کراچی (این این آئی)پاکستان میں کاروبارکرنے والے غیر ملکیوں نے4 ماہ میں منافع کی مدمیں 54 کروڑ 81 لاکھ ڈالر بیرون ملک بھجوائے، اکتوبر میں صنعتی شعبے میں جتنی نئی سرمایہ کاری ہوئی اور اس سے جو ڈالر آئے اس سے تقریبا دوگنے ڈالرباہرچلے گئے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے
پہلے چار ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے منافع کی مد میں مجموعی طور پر 54 کروڑ 81 لاکھ ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے، چار ماہ میں نئی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 66 کروڑ 57 لاکھ ڈالر تھا، اس دوران منافع کی مد میں ملک سے باہر جانے والے ڈالروں کو نکال کر نئی سرمایہ کاری سے حقیقی طور پر ملک میں صرف 11 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ہی آئے.رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے اختتام تک 49 کروڑ 93 لاکھ ڈالرصنعتی شعبے میں سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع کی مد میں باہر بھجوائے گئے جبکہ 4 کروڑ 89 لاکھ ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ سے کما کر باہر بھجوائے۔ اکتوبر کے دوران تو صنعتی شعبے میں براہ راست نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 10 کروڑ 9 لاکھ ڈالر رہا جبکہ 19 کروڑ 89 لاکھ ڈالر منافع بیرون ملک بھجوائے گئے۔