لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نواز شریف کے جسم کے اندرونی حصوں کا برقی شعاعوں کی مدد سے معائنہ کریں گے جس کا مقصد کینسر کے خدشات دور کرنا ہے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق انتہائی اہم ٹیسٹ آج ہوگا، ڈاکٹرز نواز شریف کا پوزیٹرون ایمشن ٹوموگرافی اسکین آج کریں گے۔
جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے پلیٹ لیٹس گرنے کی تشخیص کی جائے گی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ برقی شعاعوں کی مدد سے نواز شریف کے جسم کے اندرونی حصوں کا معائنہ کیا جائے گا، جس کا مقصد خدانخواستہ کینسر کے خدشات کو دور کرنا ہے، ٹیسٹ کے نتیجے میں معالجین کو نواز شریف کے مرض کی تشخیص اور علاج میں خاصی مدد ملنے کی امید ہے، قوم سے اپیل ہے کہ محمد نوازشریف کے لئے خصوصی دعا کریں۔