اسلام آباد (این این آئی) فروغ نسیم نے کہا ہے کہ جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت چھ ماہ بعد بھی ختم نہیں ہوگی،جنرل قمر باجوہ آئین کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، آرمی چیف کی نئی مدت ملازمت آج رات بارہ بجے سے شروع ہوگی۔دریں اثناء وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ توسیع کے معاملے میں آرمی چیف کی غلطی نہیں، حکومت نے کاغذات پورے نہیں کیے تھے۔ جمعرات کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے
شیخ رشید نے کہا کہ کسی نے ماضی میں آرمی چیف کی توسیع کو چیلنج نہیں کیا، اس لیے کوتاہیاں ہوئیں۔شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف مزید تین سال پورے کریں گے، 6 ماہ کو 3 سال ہی سمجھیں ہم ضروری قانون سازی کرلیں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ کہہ سکتا ہوں کہ اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) آن بورڈ ہے، ن لیگ کیوں ووٹ نہیں دے گی، یہ ہاتھ جوڑ کر ووٹ دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ فیصلہ کچھ اور آتا تو اس کیلئے بھی تیار تھے، اس معاملے میں کوتاہی کے ذمے دار افسران ہیں، فروغ نسیم پر ملبہ ڈالنا سراسر غلط ہے۔