کراچی(آن لائن) ایم کیوایم کے گرفتارٹارگٹ کلر ’یوسف ٹھیلے والا‘ کے وزیراعلیٰ سندھ سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد پولیس افسران کوپریس کانفرنس کرنے سے روک دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق گرفتارٹارگٹ کلر کے ویڈیو بیان کے بعد وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ میں اختلافات میں شدت آگئی ہے۔
ملزم نے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ جس دن گرفتاری ظاہر کی گئی اسی دن وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مجھ سے ملنے آئے تھے، انہوں نے مجھ سے کہا کہ تم دنیا کی نظر میں مر چکے ہو، اب تمہیں دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے۔ٹارگٹ کلر کے اس بیان سے مچنے والی کھبلی کے بعد اب پولیس افسران کوپریس کانفرنس کرنے سے روک دیاگیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کسی بھی کارروائی سے متعلق پریس کانفرنس نہیں کرسکتی بلکہ کسی بھی کارروائی سے متعلق اب اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ کوئی بھی اعلامیہ منظوری کیلیے اعلیٰ پولیس حکام کوبھیجاجائے گا اور حکام کی منظوری کے بعدہی اعلامیہ جاری کیاجائے گا۔ذرائع کے مطابق ایس ایس پی اے وی ایل سی نے پریس کانفرنس کرناتھی تاہم حکام نے ایس ایس پی اے وی ایل سی کواعلامیہ دینے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پرخفیہ انکوائری کا سلسلہ بھی جاری ہے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا نام مبینہ ٹارگٹ کلر نے کیوں اور کس کے کہنے پر لیا گیا۔تحقیقاتی ٹیم ٹارگٹ کلر کے میڈیا بیان پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے، تحقیقاتی کمیٹی نے ٹھیلے والے کو گرفتار کرنے والی پولیس پارٹی سے بیانات لیے۔