اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن نے مبینہ ممنوعہ فنڈنگ میں پیپلز پارٹی کو 48گھنٹوں میں ریکارڈ مہیا کر نے کا وقت دیدیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کا پیپلزپارٹی کی فنڈنگ سے متعلق اجلاس منگل کو ہوا۔سکروٹنی کمیٹی نے پیپلزپارٹی کو بھی سوالنامہ دیدیا اور ڈونرز کی تفصیلات طلب کر لی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کو 48 گھنٹوں میں ریکارڈ مہیا کرنے کا وقت دے دیا۔ ذرائع نے بتایاکہ الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی پیپلزپارٹی کے اکاؤنٹس کا 29 نومبر کو دوبارہ جائزہ لے گی۔ پیپلز پارٹی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہم اپنا تمام ریکارڈ پہلے ہی مہیا کر چکے ہیں۔ بعد ازاں پیپلزپارٹی کے وکیل سردار شہباز کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے خلاف 2017 سے کیس چل رہا ہے،سکروٹنی کمیٹی نے ہم سے ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق سوالنامہ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے سکروٹنی کمیٹی کو تسلی دی ہے کہ ہم تمام دستیاب ریکارڈ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی نے 2013 سے 2015 تک کا ریکارڈ مانگا ہے،سکروٹنی کمیٹی نے جمعہ کے روز تک تمام ریکارڈ مانگا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ پی پی ایل سی امریکہ میں کوئی کمپنی رجسٹرڈ ہے،پیپلزپارٹی کا اس کمپنی سے کوئی تعلق نہیں،چیف الیکشن کمیشنر اور ممبران پر پورا اعتماد ہے