اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی حامد میر نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے اپنی پنجاب حکومت پر عدم اعتماد کردیا ہے، حامد میر نے کہا کہ وزیراعظم نے عدالتی فیصلے کو بھی مشکوک بنانے کی کوشش کی ہے،
حامد میر نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر کا کوئی بھی مطلب لیں کہ وہ کہہ رہے تھے میں پریشان تھا، حیران تھا، حامد میر نے کہا کہ ڈاکٹرز کی جو رپورٹ تھی اور جو پنجاب حکومت کا میڈیکل بورڈ تھا، ان کی تصدیق ڈاکٹر یاسمین راشد نے کی، حامد میر نے کہاکہ نواز شریف سے شوکت خانم کے ڈاکٹر فیصل بھی جا کرملے تھے، ڈاکٹر فیصل نے بھی کہا تھا کہ نواز شریف بیمار ہیں۔ معروف صحافی نے کہا کہ اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ رپورٹس ٹھیک نہیں تو انہیں ڈاکٹر فیصل سے بھی انکوائری کرنا چاہیے اور ڈاکٹر یاسمین راشد سے بھی پوچھنا چاہیے اور جو ڈاکٹر میڈیکل بورڈ کا حصہ تھے ان کی بھی انکوائری ہونی چاہیے، کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے نہ صرف اپنی حکومت پر عدم اعتماد کیا ہے بلکہ عدالتی فیصلے کو بھی مشکوک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے رپورٹس پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، حامد میر نے کہا کہ اپنی صحافتی زندگی میں، میں نے پہلی بار دیکھا ہے کہ وزیراعظم اپنے ہی لوگوں پر عدم اعتماد کررہا ہے اور شک کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم کو اپنے ہی اداروں پر اعتماد نہیں تو پھر ریاست کیسے چلے گی، معروف صحافی نے کہاکہ وزیراعظم سب سے زیادہ طاقت ور ہیں اگر انہیں میاں نواز شریف کی رپورٹس سمجھ نہیں آ رہیں تو ہمیں کیسے سمجھ آئیں گی۔