اسلام آباد (این این آئی) آئی ٹی بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ سرکاری افسران یا ملازم سوشل میڈیا پر پارٹ ٹائم بزنس نہیں کرسکیں گے، مستقبل میں سرکاری اداروں میں فیس بک، یوٹیوب اور یو ایس بی کے استعمال پرپابندی کی تجویز ہے۔ بدھ کو علی خان جدون کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے
انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں آئی ٹی بورڈ حکام نے بتایا کہ سوشل میڈیا کی خبروں کی تصدیق کیلئے اتھارٹی بنانے کی تجویز حکومت کو پیش کردی ہے، سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور سوشل میڈیا کی نیوز تصدیق کا نظام بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔آئی ٹی بورڈ کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سرکاری افسران یا ملازم سوشل میڈیا پر پارٹ ٹائم بزنس نہیں کرسکیں گے، مستقبل میں سرکاری اداروں میں فیس بک، یوٹیوب اور یو ایس بی کے استعمال پرپابندی کی تجویز ہے۔ائی بورڈ حکام نے کہا کہ سرکاری ملازمین دفاتر میں واٹس ایپ کا استعمال نہیں کرسکیں گے، ان کے لیے واٹس ایپ طرز کی سروس متعارف کرائی جائے گی جس کا سرور حکومت بنائے گی، سرکاری ملازمین محکمانہ دستاویز اپنے ذاتی واٹس ایپ پر شیئرنہیں کریں گے جب کہ واٹس ایپ طرز سروس پر وائس میسج، ویڈیو اور دستاویزات بھیج سکیں گے۔