لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، نواز شریف سوٹ بوٹ پہن کر ہنستے کھیلتے لندن پہنچے اورہسپتال جانے کی بجائے موٹروے میں کک بیکس لے کر بنائے گئے فلیٹس میں ہی نواز شریف قیام کے لئے گئے،ڈاکٹر عدنان اور شہباز شریف سے درخواست کرتا ہوں کہ خلیفے کی خطائی اور قیمے والے نان سے نواز شریف کو دور رکھا جائے
کیونکہ نواز شریف کی بیماری کی وجہ یہ سارے کھابے ہی ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ بلاول بھٹو اپنے بولنے اور پہننے کے اطوار تبدیل کریں۔ عمران خان ستر سال کی عمر میں بھی اپنی مردانگی ثابت کر چکا ہے،اڑتالیس سال کا ہونے کے باوجود بلاول اپنی مردانگی ثابت کرنے میں ناکام ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کسی کو این آر او نہیں دیا اور نہ دیں گے۔پاکستان اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان کوئی لڑائی نہیں ہے۔حکومت کے تمام اتحادی بھی ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے میاں صاحب خود کرپشن کے بے تاج بادشاہ ہیں مگر اپنے بڑے بھائی کی ضمانت دے رہے ہیں،شہباز شریف نے پنجاب کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ہم نے شریف برادران سے ایڈمنٹی بانڈ مانگا تھا، مگر انہوں نے نہیں دیا،ایڈمنٹی بانڈ دینے کے بعد اگر یہ واپس نہ آتے تو حکومت کو کارروائی ان تک لانے کے لئے دو سال لگتے۔ انہوں نے ہائی کورٹ میں بھی ایک کاغذ کا ٹکڑا دیا ہے اب اگر انہوں نے کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف ہائیکورٹ فوری کارروائی شروع ہو جائے گی۔ پی ٹی آئی کا کوئی وزیر جوڈیشری کو تنقید کا نشانہ نہیں بنائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تین سالوں کا ڈیٹا اٹھا لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ سال کے آخری تین مہینوں میں قیمتیں بڑھ جاتی تھیں۔انڈیا سے تجارت بین ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کی کمزوری ہے کہ ہم قیمتوں پر فوری قابو نہیں پا سکے۔انہوں نے احتساب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ نیب کے چیئرمین بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں احتساب کا کدو پھٹے گا تو سب میں بٹے گا۔حکومتی وزرا کے خلاف بھی کیسز نیب میں پہلے ہی چل رہے اور احتساب سب کے لئے ہی عمران خان کا نظریہ ہے۔